ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / خلیجی خبریں / اے کے خان کے ہاتھوں مانو کرکٹ کلب کا افتتاح

اے کے خان کے ہاتھوں مانو کرکٹ کلب کا افتتاح

Fri, 14 Oct 2016 19:57:22  SO Admin   S.O. News Service

حیدرآباد14اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)اے کے خان، ڈائرکٹر جنرل، انسداد رشوت ستانی بیورو، تلنگانہ حکومت نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ کلاس روم اور کیمپس کے باہر بھی ’اسپورٹسمین اسپرٹ‘ کا مظاہرہ کریں۔ 13؍اکتوبر کو اسپورٹس گراؤنڈ، یونیورسٹی کیمپس میں مانو کرکٹ کلب (ایم سی سی) کے افتتاح کے بعد وہ اپنے تاثرات کا اظہار کر رہے تھے۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ جناب اے کے خان نے یاد دلایا کہ حیدرآباد میں کئی نامور کرکٹر ہوئے ہیں، جن میں سید عابد علی، ایم ایل جئے سمہا، نواب آف پٹوڈی، عباس علی بیگ، محمد اظہر الدین، وی وی ایس لکشمن وغیرہ قابل ذکر ہیں، جنہوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔جناب اے کے خان نے جو خود ایک معروف کرکٹر ہیں، کلب کے افتتاح کے بعد میدان سنبھالا اور دلکش اسٹروکس لگاتے ہوئے حاضرین کو داد دینے پر مجبورکردیا۔ انہوں نے مانو کے طلبہ کی گیندبازی اور فیلڈنگ کی صلاحیتوں کی ستائش کی۔ ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے ایم سی سی کمیٹی اراکین اور کوچ کی کوششوں کی ستائش کی۔ انہوں نے صلاح دی کہ کامیابی کے حصول کے لیے کھلاڑی، کرکٹ کوچ اور یونیورسٹی میں موجود سہولیات سے بھرپور استفادہ کریں۔ انہوں نے ساتھ ہی ساتھ زور دیا کہ کلاس روم میں حاضری پر انہیں پوری توجہ دینی ہے۔ ڈاکٹر شکیل احمد، رجسٹرار ، پروفیسر اے رویندرناتھ، ڈین تعلیمات اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد یوسف خان، صدر ایم سی سی نے کلب کا مختصر تعارف پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وائس چانسلر نے ایم سی سی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا تھا تاکہ اسوسئیشن آف انڈین یونیورسٹی کے منعقدہ انٹر یونیورسٹی کرکٹ ٹورنمنٹ میں حصہ لینے کے لیے یونیورسٹی کے باصلاحیت کرکٹ کھلاڑیوں کا انتخاب ہو اور انہیں مناسب تربیت دی جاسکے۔ ایم سی سی نے سینئراورجونیئردو گروپ تیار کیے ہیں۔ سینئر گروپ میں یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے یو جی، پی جی اور ریسرچ اسکالرس کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ جبکہ جونئر گروپ میں ڈپلوما ان ایجوکیشن، پالی ٹیکنیک اور آئی آٹی آئی کے طلبہ کو موقع ملے گا۔


Share: